Hesperian Health Guides
صحت ہر عورت کا بنیادی حق ہے
ہیسپرین ہیلتھ ویکی > عورتوں کی صحت کا تحفظ عملی اقدامات کی کتاب > باب نمبر ۱:عورتوں کی صحت کے لیے عملی قدم اٹھانا > صحت ہر عورت کا بنیادی حق ہے
صحت کے حق کا مطلب صحت کی اچھی دیکھ بھال سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس کا مطلب وہ حالات بھی ہیں جن میں عورت رہتی اور کام کرتی ہے_ خواہ وہ گھر ہو یا کوئی اور جگہ_ کیا ان جگہوں پر اس کی صحت کی حفاظت کا بندوبست ہے یا اس کی صحت کو کمزوری اور خطرات لاحق ہیں۔ اگر کوئی عورت ایسے شخص کے ساتھ رہتی ہے جو اسے اکثر مارتا ہے تو اس کے لیے ایسا کلینک کسی کام کا نہیں جہاں ٹوٹی ہڈیاں جوڑی جاتی ہیں۔ جنسی طور پر لگنے والی بیماریوں کی تعلیم، عورت کی صحت کا اہم جزو ہے لیکن اگر عورت کو اپنی جنسی زندگی کے بارے میں بات کرنے کا حق نہیں ہے تو یہ تعلیم اس کی زیادہ مدد نہیں کرے گی۔ دمے کے مرض کے علاج سے زندگی بچائی جاسکتی ہے لیکن اگر فیکٹریوں کو ہوا اور پانی میں زہریلے مادے خارج کرنے کی اجازت نہ دی جائے تو زیادہ لوگ زیادہ بہتر فضا میں آسانی سے سانس لے سکیں گے اور صحت مند رہیں گے۔
سائنسی تحقیق کی وجہ سے علاج معالجے کے نئے طریقے دریافت ہوئے ہیں اور عورتوں کی صحت کے موجودہ مسائل کو حل کرنے میں خاص بہتری آئی ہے؛ اس کے باوجود لاکھوں لوگ اب بھی ایسی بیماریاں جھیل رہے ہیں جن سے بچا جاسکتا ہے اور جن کا علاج ہوسکتا ہے۔ اس کی کچھ وجہ یہ ہے کہ معاشی اور سیاسی طاقت رکھنے والوں نے دولت اور اقتدار رکھنے والوں کی ضرورتوں کو اولیت دی ہے۔ کمزور اور غریب لوگوں کو اکثر اپنی صحت کے عوض اس کی قیمت دینی پڑی ہے۔ بڑی بین الاقوامی تجارتی کمپنیوں کی عالمگیریت نے دنیا میں شدید عدم مساوات یا نابرابری پیدا کی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں افراد ان وسائل سے محروم ہوگئے جو ان کی اچھی صحت کے لیے ضروری تھے۔ دولت مندوں اور طاقتوروں نے اپنی معاشی پالیسیوں کے ذریعے دنیا کی حکومتوں کو مجبور کیا کہ صحت، تعلیم اور سماجی خدمات کے اخراجات کم کیے جائیں۔ جبکہ غربت، صحت و صفائی، غذائیت اور طبی سہولتوں سے محروم دنیا کے عوام کی بڑی اکثریت کو ان وسائل کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ عورتوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے سے اس لیے انکار کر دیا جاتا ہے کہ وہ عورت ہیں۔ اکثر عورتیں مفلس اور کمزور ہوتی ہیں اور عالمی پالیسیوں کی وجہ سے ان کی صحت کو پہلے سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔
+
کرۂ زمین
معاوضے
اس کتاب میں دی گئی معلومات اور سرگرمیاں آپ کو، آپ کے گھرانوں کو اور آپ کے گائوں اور بستیوں کو مقامی طور پر صحت بہتر بنانے میں مدد دیں گی اور ان بڑی سماجی قوتوں کا مقابلہ کریں گی جو مکاری اور عیاری سے عورتوں کے صحت کے حق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اس کتاب کی مدد سے آپ ایسی تحریکیں اور حکمت عملیاں تیار کرسکتی ہیں جو علاقے کے حالات کو چیلنج کرنے اور انھیں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہوں۔ آپ کو پتا چلے گا کہ آپ اکیلی نہیں ہیں، بلکہ اس عالمی مہم کا حصہ ہیں جو عورتوں کی صحت کی فکر کرتی ہے اور ’’سب کے لیے اچھی صحت کا حق‘‘ کے لیے جدوجہد میں مصروف ہے۔
اصل اسباب کو حل کرنا
اچھی صحت بیماری نہ ہونے سے بڑھ کر ہے۔ اچھی صحت کا مطلب ہے عورت کے جسم، ذہن اور روح کا آسودہ ہونا۔ عورت کی صحت صرف اس کے جسم کی بناوٹ سے ہی متاثر نہیں ہوتی بلکہ ان سماجی، ثقافتی اور معاشی حالات سے بھی متاثر ہوتی ہے جس میں وہ رہتی ہے۔
عورتوں کی صحت بہتر بنانے کا مطلب ہے صحت کی خرابی کے ’’بنیادی اسباب‘‘ کو دور کرنا _ جن میں غربت، صنفی اور نسلی بنیاد پر غیربرابری کا سلوک اور استحصال کی دیگر شکلیں شامل ہیں۔ ان اسباب سے مردوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے لیکن مردوں کے مقابلے میں عورتوں کے ساتھ مختلف طرح کا سلوک کیا جاتا ہے۔ خاندان اور سماج میں عام طور پر عورتوں کے پاس اختیار بہت کم ہوتا ہے اور ان کی حیثیت کمتر ہوتی ہے۔ عدم مساوات یا غیربرابری کا مطلب ہے:
- مردوں کے مقابلے میں زیادہ عورتوں کو رقم، خوراک، زمین اور آنے جانے کے وسائل تک کم رسائی ملتی ہے۔
- مردوں کے مقابلے میں زیادہ عورتوں کو تعلیم اور ہنر سیکھنے اور خود اپنی کفالت اور حفاظت کے قابل ہونے سے روکا جاتا ہے۔
- مردوں کے مقابلے میں زیادہ عورتوں کو صحت سے متعلق اہم معلومات اور خدمات تک رسائی سے محروم رکھا جاتا ہے۔
- مردوں کے مقابلے میں عورتیں اپنی زندگی اور صحت کی بنیادی دیکھ بھال کے بارے میں فیصلے نہیں کرسکتیں۔
- دوسری عام عورتوں کے مقابلے میں گہری رنگت والی، پناہ گزین اور اقلیتی گرو کی عورتوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عورتوں کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں یہ وسیع منظرنامہ آپ کو عورتوں کی خراب صحت کے ’’بنیادی اسباب‘‘ سمجھنے اور انھیں دور کرنے میں مدد دے گا۔ ’’بنیادی اسباب‘‘ کے بہت سے عناصر ہیں جو عورتوں کی صحت پر اثر ڈالتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ یہ نظر نہ آئیں، لیکن کسی درخت کی جڑوں کی طرح یہ زندگی اور خوش حالی کے فروغ کے لیے بہت اہم ہیں۔
عورتوں کی صحت سماجی معاملہ ہے
یہ کتاب عورتوں کی صحت بہتر بنانے اور پورے سماج کی صحت بہتر بنانے کے لیے زیادہ وسیع انداز میں، زیادہ شاملاتی طور پر اور زیادہ حقیقت پسندانہ طریقوں سے آپ کی مدد کرے گی۔ جب آپ ان اسباب کو دور کرلیں گی جو عورتوں کی بہتر صحت کی راہ میں رکاوٹ ہیں، تو آپ کی کوششیں مسائل کی جڑ بننے والی چیزوں کی جگہ سب عورتوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد دینے والی جڑوں سے بدل دیں گی۔