Hesperian Health Guides
ابلاغ میں طاقت ہے
ہیسپرین ہیلتھ ویکی > عورتوں کی صحت کا تحفظ عملی اقدامات کی کتاب > ابلاغ میں طاقت ہے
ابلاغ کی ان تین مثالوں کا مطالعہ کریں اور ان کے فوائد اور نقصانات پر بحث کریں۔
فہرست
ایک مرد اپنی بیوی کو برادری کے اجلاسوں میں جانے کی اجازت نہیں دیتا۔ دوسری عورتوں نے اسے اپنے ساتھ آنے کی دعوت دی ہے لیکن وہ اپنے شوہر سے یہ کہنے سے ڈرتی ہے کہ وہ ان عورتوں کے ساتھ جانا چاہتی ہے۔
کمزور یا اطاعت گزار ابلاغ: کوئی اور جو کچھ چاہتا ہے عورت اس کے آگے ہتھیار ڈال دیتی ہے، دوسروں کو اس طرح خود پر ترجیح دیتی ہے کہ خود اسے نقصان ہوتا ہے، کوئی چیز اسے پریشان کرتی ہے تو خاموش رہتی ہے، بہت معافی مانگتی ہے، بہت روتی ہے، اپنے احساسات چھپاتی ہے، اپنے حقوق کے دفاع کے لیے عملی قدم نہیں اٹھاتی۔ دوسری عورتوں سے کہتی ہے کہ اسے کوئی دلچسپی نہیں اور رات کا بقیہ حصہ اپنے شوہر سے روٹھی رہتی ہے۔ | |
لڑاکا یا جارحانہ ابلاغ:عورت جو چاہتی ہے کرتی ہے، دوسروں کا کوئی خیال نہیں کرتی، دھمکیاں دیتی ہے یا مطالبات کرتی ہے، دوسروں کی نہیں سنتی، دوسرے اس سے اختلاف کرتے ہیں تو فوراً خفا ہوجاتی ہے۔ وہ عورتوں سے ناراض رہتی ہے اور ان پر تنقید کرتی ہے کہ وہ ان چیزوں میں شامل ہوتی ہیں جن کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ اپنے شوہر سے خفا رہتی ہے کیونکہ وہ اجلاسوں میں جاتا ہے جبکہ وہ گھر میں رہتی ہے۔ |
مضبوط یا مثبت ابلاغ: عورت اپنا اور دوسروں کا احترام کرتی ہے، اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہوتی ہے، سکون سے سنتی اور بات کرتی ہے، دوسروں کو اپنے خیالات، ضروریات اور احساسات واضح طور پر بتاتی ہے، احساس جرم کے بغیر ’نہیں ‘ کہتی ہے، ضرورت ہو تومدد مانگتی ہے، اپنےحلیے اور انداز سے پراعتماد دکھائی دیتی ہے۔ وہ اپنے شوہر کو سمجھاتی ہے کہ اسے اجلاسوں سے کیوں دلچسپی ہے اور اس سے کہتی ہے ’’گروپ کا اجلاس ہر دوہفتے میں ایک بار ہوتا ہے اور میں اس میں شریک ہونا چاہتی ہوں، میں پھر بھی گھر کی تمام ذمے داریاں پوری کرسکتی ہوں۔ ہم اس بارے میں بات کرسکتے ہیں کہ اس معاملے کو کیسے چلایا جائے؟ ‘‘ |
پ جنس پر بات چیت کے رول پلے (role plays)میں مثبت ابلاغ استعمال کرنے کی مشق کرسکتی ہیں۔ دیکھیے ’صحت مندانہ تعلقات کے لیے بات چیت کریں‘(صفحہ 97)۔
’میں ‘والے فقروں کے ساتھ واضح ابلاغ
ہم اپنے احساسات، آرأ اور خواہشات کا مضبوط انداز میں کیسے ابلاغ کرسکتے ہیں، جس میں دوسرے فرد کا احترام اور احساس بھی شامل ہو؟ ’میں ‘ والے فقرے استعمال کرنے کی کوشش کریں۔
’میں ‘ والا فقرہ اپنا نقطۂ نظر اس طرح واضح طور پر بیان کرنے کا ایک طریقہ ہے جس میں کسی اورپر کوئی الزام نہ لگایا جائے، نہ ہی اس کے بارے میں کوئی فیصلہ سنایا جائے اور نہ اسے دھمکایا جائے۔ آپ اس فقرے کے ذریعے یہ بیان کرتی ہیں کہ صورت حال آپ پر کیا اثر ڈال رہی ہے، آپ اس کے بارے میں کیا محسوس کرتی ہیں اور آپ کیا چاہیں گی کہ ہونا چاہیے۔
’میں ‘ والے فقرے کا استعمال سیکھنا ابتدا میں عجیب محسوس ہوسکتا ہے۔ یہ بولنے کا بہت مضبوط طریقہ ہے۔ لیکن جب لوگ اپنے تعلقات میں اسے استعمال کریں اور اس میں انھیں کوئی مسئلہ پیش نہ آئے تو انھیں معلوم ہوجائے گا کہ یہ کتنا موثر ہوتا ہے۔
سرگرمی
’میں ‘ والا فقرہ کیسے استعمال کیا جائے
- پہلے یہ کہیں کہ آپ کو کیا پریشانی ہے اور آپ کو کیا محسوس ہورہا ہے۔ جو کچھ آپ کے لیے پریشانی کا باعث ہے اور کیوں پریشانی کا باعث ہے اس بارے میں آپ مزید بول سکتی ہیں لیکن صرف اس صورت میں کہ آپ اس انداز میں اسے کہہ سکیں کہ دوسرے شخص پر الزام نہ رکھا جائے اور نہ اس کی توہین ہو۔
- پھر جو کہنا چاہتی ہیں کہیے۔ یہ ضروری ہے کہ اسے مطالبہ یا شرط بنا کر نہ پیش کیا جائے۔ اگر آپ ایساکریں گی تو درخواست بہت جارحانہ معلوم ہوگی۔
- پھر یہ پوچھیں کہ دوسرا فرد آپ کی بات پر کیا محسوس کرتاہے ۔
تربیت کار کی مددکرنا
عورتوں کو اچھے ابلاغ میں مدد دینے کا مطلب ہے کہ آپ خود اچھا ابلاغ کرسکتی ہوں (اور اچھی سننے والی ہوں!)۔ یہ کام کرنے والے ہر فرد کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ کوئی سرگرمی شروع کرنے سے پہلے تیاری کریں۔ کسی اور کے ذریعے اس کی مشق کریں یا اس پر بات کریں تاکہ جب آپ کسی سرگرمی کی قیادت کررہی ہوں تو جہاں تک ہوسکے پرسکون ہوں۔ یہ بات یقینی بنائیں کہ کوئی اور شخص موجود ہو جو سرگرمی ختم ہونے کے بعد آپ کو اس پر غوروفکر کرتے ہوئے سُن سکے۔ ذہن میں رکھیں کہ یہ سرگرمیاں انجام دینے میں صنفی کرداروں سے آپ کا اپنا تعلق سامنے آسکتا ہے۔